اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو صاحبہ کہنے پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر ڈائس کا گھیرائو کرلیا ،بات کر نے کا موقع نہ دینے پر خواتین ارکان کی ڈپٹی اسپیکر سے تلخ کلامی بھی ہوئی ، ایوان ’’ گو عمران گو ‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھا ۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے واضح کیا ہے کہ اگر عمران خان نے الفاظ واپس نہ لئے تو پھر اسے اپنا وزیراعظم ماننے سے انکار کردونگی ،وزیراعظم خود آکر خواتین سے معافی مانگیں،اگر ایوان اور خواتین سے معافی نہیں مانگیں گے تو پھر گو عمران گو کے نعرے ہر جگہ گونجیں گے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دور ان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی خواتین نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو ’’صاحبہ ‘ذکہنے پر بھرپور احتجاج کیا، دونوں جماعتوں کی خواتین ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیرائو کرکے وزیراعظم کے خلاف نعرے بازی کی اور ایوان ’گو عمران گو‘ کے نعروں سے گونج اٹھا۔اجلاس کے دور ان نکتہ اعتراض پر بات نہ کر نے کا موقع نہ دینے پر اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے پوائنٹ آف آرڈر دو کے نعرے لگائے ، اپوزیشن کے شدید شور شرابا کیا اور خواتین ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیرائو کرلیا ،اس موقع پر خواتین کی ڈپٹی اسپیکر سے تلخ کلامی ہوئی ۔پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہاکہ گزشتہ روز وانا کے علاقے میں وزیراعظم نے ایک نوجوان سیاست دان جو شہیدوں کا وارث ہے ،اسکو آپ نے صاحبہ سے مخاطب کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ صاحبہ کہنا بری بات نہیں لیکن یہ خواتین کیلئے استعمال کیا جاتا ہے ۔
انہو ں نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں ہر فرد کی عزت ہے لیکن بلاول کی شخصیت کی صرف یہ تذلیل نہیں بلکہ گھسی پٹی سوچ کی عکاسی اور خواتین کی تذلیل ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ بات ہم نے یا پیپلز پارٹی کے ورکرز نے نہیں بلکہ خود صحافیوں سمیت سنجیدہ طبقات نے وزیراعظم کے کلمات کی مذمت کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ وزیراعظم کے عہدے کی تذلیل ہے، اگر عمران خان نے الفاظ واپس نہ لئے تو پھر اسے اپنا وزیراعظم ماننے سے انکار کردونگی ۔ انہوںنے کہاکہ آپ کی زبان کتنی بار پھسلے گی؟ آپ مودی کیلئے جتنے کی بات کرتے ہیں پھر اسے سلپ آف ٹنگ کہیں ،انہوںنے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے وزیراعظم خود آکر خواتین سے معافی مانگیں، انہوںنے کہاکہ اگر ایوان اور خواتین سے معافی نہیں مانگیں گے تو پھر گو عمران گو کے نعرے ہر جگہ گونجیں گے۔