اسلام آباد(آن لائن)امامِ کعبہ ڈاکٹر شیخ عبداللہ عواد الجھنی نے فیصل مسجد میں خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب توحید کی بنیاد پر قائم ہوئے اور پاکستان تمام مسلمانوں کا محور ہے۔امامِ کعبہ نے کہا کہ مسلمانوں کو اتحاد کی سخت ضرورت ہے اس کے ساتھ انہوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعائیں بھی کروائیں۔خیال رہے کہ امام کعبہ پاکستان کے 6 روزہ دورے پر گزشتہ روز دارالحکومت اسلام آباد پہنچے تھے
جہاں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے ان کا استقبال کیا تھا۔امامِ کعبہ نے اسلام آبادکی فیصل مسجد میں جمعے کا خطبہ دیا اور نماز جمعہ کی امامت کروائی جس میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔خطبے میں انہوں نے مسلمانوں کو تقویٰ اختیار کرنے کی تلقین کی اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و امان سے رہنے کادرس دیتا ہے، اسلام اخوت و بھائی چارے کا نام ہے۔امامِ کعبہ کا کہنا تھا کہ رمضان کا مہینہ مسلمانوں کے لیے اللہ کا تحفہ ہے، اس مہینے میں صدقات اور خیرات کا اہتمام کریں۔اس موقع پر فیصل مسجد کی اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات اور سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ مسجد میں نمازیوں کے داخلے سے قبل مکمل جامع تلاشی لی گئی۔نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے خواتین و مرد حضرات کے لیے علیحدہ علیحدہ انتظامات کیے گئے تھے اور مسجد کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ بھی نصب کیے گئے تھے۔اپنے دورے کے دوران امام کعبہ پاکستان میں اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور 13۔14 اپریل کو منعقدہ پیغام پاکستان کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔اس کے ساتھ ڈاکٹر شیخ عبداللہ عواد الجھنی فیصل مسجد میں اسلامی یونیورسٹی کے زیر اہتمام سیمینار میں بھی شرکت کریں گے۔امام کعبہ پاکستان میں قیام کے دوران لاہور بھی جائیں گے جہاں وہ بادشاہی مسجد میں بھی نماز کی امامت کریں گے۔