اسلام آباد(سی پی پی )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اعظم سواتی کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اعظم خان سواتی آئندہ چند روز تک بطور وفاقی عزیر عہدے کا حلف اٹھا لیں گے۔ان کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا قلمدان دیا جائے گا،اس سے پہلے بھی یہی وزارت ان کے پاس تھی۔تاہم اس وقت اپنے عہدے سے مستعفی ہونا پڑا
جب انہوں نے اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے ایک غریب خاندان پر ایف آئی آر درج کروائی تھی۔ وزیراعظم عمران خان کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ سینیٹر اعظم خان سواتی کو دوبارہ وفاقی وزیر بنانے کے حوالے نے عمران خان نے گرین سگنل دے دیا ہے۔اس سے قبل وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی اعظم سواتی منظور نہ ہونے کا انکشاف سامنے آیا تھا۔قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق کابینہ ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق 25 وفاقی وزرا کی فہرست میں استعفی جمع کروانے والے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی کا نام 24 ویں نمبر پر درج تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اعظم سواتی کا بطور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی استعفی منظور کر لیا گیا تھا۔نوٹی فکیشن کے مطابق اعظم سواتی کے استعفے کی منظوری کا اطلاق 6 دسمبر 2018 سے ہوا تھا۔تاہم ابھی تازہ ترین میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سینیٹر اعظم خان سواتی کو دوبارہ وفاقی وزیر بنانے کے حوالے سے وزیراعظم کو گرین سگنل دیدیا گیا ہے ۔