اسلام آباد(آن لائن)احتساب کے شکنجہ کی مزید سختی سے وفاقی حکومت کے تین وزراء کے گرد بھی فیصلہ کن تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔وزیر اعظم نے کرپشن پرسمجھوتہ نہ کرنے کا اشارہ دیدیا ۔ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ وفاقی حکومت کے
تین وزراء کے گرد احتساب کے لیے تحقیقات فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہو چکی ہیں،دو وزیر کے اثاثہ جات بڑی تیزی سے بڑھنے جبکہ ایک وزیر کی منی لانڈرنگ کے شواہد تحقیقاتی ادارے کو موصول ہوئے ہیں۔احتساب ادارے نے خفیہ طور پر اثاثہ جات کی مانیٹرنگ کی تو دو ایسے وزرا ء کا معلوم ہوا ہے کہ جن کے اثاثہ جات چھ ماہ کی مدت میں دن دوگنی اور رات چوگنی بڑھنے لگے جبکہ ایک وزیر سے متعلق معلومات ملی ہیں کہ وہ منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں تاہم ذرائع نے ابھی اس بات کی تصدیق نہیںکی ہے کہ کیا منی لانڈرنگ تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں ۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ تین وزرا ء سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کو جب معلوم ہوا تو انہوں نے کرپشن پر نو کمپرومائز کا کمنٹ دیا جس پر انکے ارد گرد بیٹھے رفقا پریشان ہیں۔ذرائع کاکہنا ہے کہ بجٹ پیش ہونے کے بعد ان تین وزراء کی قسمت کا فیصلہ کیا جائے گا اور قوی امید ہے کہ انکے خلاف ریفرنس فائل کر کے ان سے استعفیٰ لے لیے جائیں گے۔