واشنگٹن(این این آئی )پاکستان کو ممکنہ طور پر آئی ایم ایف سے ملنے والی امداد کو روکنے کے لیے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں بھارتی لابی نے پاکستان مخالف مہم شروع کردی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی کانگریس کے تین اراکین ٹیڈ ایس یوہو، ایمی بیرا اور جیورج ہولڈنگ نے امریکی سیکریٹریز آف اسٹیٹ اور ٹریڑری کو خط لکھ کر ان سے کہا کہ وہ آئی ایم ایف کو پاکستان سے معاہدہ کرنے سے روکیں۔کانگریس کے اراکین نے دعویٰ کیا
تھا کہ پاکستان آئی ایم ایف کا قرض پاک چین اقتصادی راہداری کے لیے چین سے لیے گئے قرض کو چکانے کے لیے استعمال کرے گا، ان میں سے دو اراکین بیرا اور ہولڈنگ کانگریس میں بھارتی امور کو دیکھتے ہیں۔واضح رہے کہ اب تک معاشی بحران سے نکلنے کے لیے کیے گئے تمام تر اقدامات ناکام ثابت ہوئے ہیں اور سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات سے قرض کے باوجود روپے کی قدر مستقل کم ہوتی جا رہی ہے جس کے سبب آئی ایم ایف پیکج کے لیے رجوع کرنا پڑا۔