راولپنڈی(آن لائن) سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ وزارت اعلیٰ کی پیشکش ہوئی تھی تنقید کے ڈر سے ٹھکر ا دی ،حکومت نے عوام کو مایوس کیا، اپوزیشن کے پاس حکومت مخالف تحریک چلانے کا سنہری موقع ہے۔بدھ کو ایک نجی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وقت اور حا لات دیکھ کر مستقبل کا فیصلہ کروں گا، عام انتخابات کے بعد میرے دوستوں کے ذریعے مجھے
مختلف اوقات میں وزارتِ اعلیٰ کی پیش کش ہوئی مگر میں نہیں چاہتا تھا کہ آزاد حیثیت سے الیکشن جیتنے کے بعد کسی کی تنقید کا نشانہ بنوں۔چودھری نثار نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 8 ماہ میں عوام کو مایوس کیا، اپوزیشن جماعتوں کے پاس حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا سنہری موقع ہے۔انہوں نے مزید کہا ہر نئی حکومت سے عوام کو بہت زیادہ توقعات ہوتی ہیں مگر عمران خان نے جتنے سہانے خواب عوام کو دکھائے تھے اتنا ہی عوام کو مایوس کیا۔