کراچی(اے این این ) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) سے 6 سے 12 ارب ڈالر کا مالیاتی پیکیج مئی کے وسط تک موصول ہوجائے گا۔آئی ایم ایف عہدیداروں سے مذاکرات کے بعد ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ فنڈ حاصل کرنے کے لیے اپریل کے اواخر یا مئی کے پہلے ہفتے میں سمجھوتہ طے پا جائے گا اور 6 سے 12 ارب ڈالر تک کا پیکیج ملنے کی توقع ہے۔وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا
کہ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان پائے جانے والے اعتراضات گزشتہ چند ماہ کے مقابلے میں بڑی حد تک کم ہوچکے ہیں اور اب ہم سمجھوتے کی طرف گامزن ہیں۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہمارے اور آئی ایم ایف کے درمیان کوئی نظریاتی اختلاف نہیں، ایکسچینج ریٹ مارکیٹ کی روشنی میں طے ہونا چاہیے، لہذا اس پر کس طرح عملدرآمد ہونا چاہیے اور اس سلسلے میں کیا اقدامات اٹھائے جائیں اس پر بھی بات چیت کی گئی جو آئندہ بھی جاری رہے گی۔