اسلام آباد(سی پی پی )یوم پاکستان کے حوالے سے اسلام آباد کے پریڈ گرائونڈ میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ ہوئی ۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21توپوں کی سلامی دے کرکیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گرائونڈ میں ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیرمحمد ہیں جو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی،وزیراعظم عمران خان، چئیرمین جوائنٹ چیفس سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہ سلامی کے چبوترے پربراجمان ہیں۔جبکہ آذربائیجان کے وزیردفاع، بحرین کے فوجی سربراہ اور عمان کے حکومتی حکام بھی خصوصی مہمان کی حیثیت سے شریک ہیں۔ فخر پاکستان جے ایف 17 تھنڈر طیارے کی فضا گھن گرج، جے ایف 17 تھنڈر طیارے نے فضا میں رنگ بکھیر دئیے۔فضا میں شاہینوں کی اڑان نے شرکا کے دل گرما دئیے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔فخر پاکستان جے ایف 17 تھنڈر طیارے نے فضا میں سماں باندھ دیا۔یوم پاکستان پریڈ کے دوران پاکستان کے برادر ملک ترکی کے لڑاکا طیاروں نے فضائی کرتب کا مظاہرہ کیا۔ یوم پاکستان پر ہونے والی پریڈ میں ترکی کے ایف 16 لڑاکا طیاروں کے ساتھ چین کے جے 10 طیارے بھی شامل تھے جبکہ اس کے علاوہ سعودی عرب، آزربائیجان کے فوجی دستے بھی شریک ہوئے ۔پریڈ کے دوران پاکستان کے چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر کی ثقافت کی نمائندگی کرنے والے فلوٹس میں فن کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔