اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی حکومت کے اہلکار نئی دہلی میں واقع پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے کھڑے ہو گئے اور یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں مدعو افراد کو یوم پاکستان تقریب کے بائیکاٹ کا کہتے رہے۔
ایک بھارتی خاتون صحافی پولومی ساہا نے ٹوئٹر پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے لکھا ”بھارتی حکومت کے افسران نئی دہلی میں واقع پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے کھڑے ہیں اور یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں شرکت کیلئے آنے والے تمام افراد کی گاڑیوں کو روک کر انہیں آگاہ کر رہے ہیں کہ بھارتی حکومت نے اس تقریب کا بائیکاٹ کیا ہے اس لئے آپ سے بھی ایسا ہی کرنے کی درخواست ہے۔“واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے یوم پاکستان پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھاکہ وقت آگیا ہے کہ دہشت گردی سے پاک ماحول میں آگے بڑھیں۔ یہ بات وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹوئٹ میں بتائی ۔ وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں پاکستانی قوم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے یوم پاکستان پر نیک تمناؤں کا پیغام بھیجا ہے۔ وزیراعظم کے مطابق نریندر مودی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ دہشت گردی سے پاک ماحول میں آگے بڑھیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کے لوگ امن پرستی اور جمہوریت کیلئے کام کریں۔