واشنگٹن(سی پی پی )امریکہ نے پاکستان کی جانب سے مبینہ طورپر ایف سولہ طیارے استعمال کرنے کی بھارتی شکایت رد کردی۔تفصیلات کے مطابق بھارت کو ایک بار پھر منہ کی کھانا پڑ گئی۔ امریکا نے پاکستان کی جانب سے مبینہ طورپر ایف سولہ طیارے استعمال کرنے کی بھارتی شکایت رد کرتے ہوئے کہاکہ خفیہ معاملات پرکھلے عام بات نہیں کرسکتے۔
نائب ترجمان امریکی دفترخارجہ رابرٹ پالاڈینو نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان ایف سولہ طیاروں کا معاہدہ دوطرفہ ہے۔ پالیسی کے تحت معاہدے کے نکات پر کھلے عام بات نہیں کی جاسکتی۔بھارت نے پاکستان پر اپنے خلاف ایف سولہ طیارے استعمال کرے کا بھونڈا الزام عائد کیاتھا۔دوسری جانب نیویارک ٹائمز نے بھی پاکستان کی جانب سے ایف سولہ معاہدے کی خلاف ورزی کی بھارتی شکایت کو بے بنیاد قرار دے دیا۔نیویارک ٹائمز نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایف سولہ معاہدے کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔نیویارک ٹائمز کی سینئر نمائندہ ماریہ ابی حبیب نے کہا کہ پاکستان نے ایف سولہ معاہدے اور استعمال کے ضوابط کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔ بھارت کے اس دعوے کی امریکی حکام نے بھی تردید کی اور بھارت کے اس الزام کو بہت سنجیدگی سے لیا۔ماریہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اگر پاکستان نے بھارت کے خلاف ایف سو لہ استعمال بھی کئے تب بھی یہ معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہے۔پاکستان اسے اپنے دفاع میں استعمال کرسکتا ہے نہ کہ حملے میں پہل کرنے میں۔ماریہ نے مزید کہا کہ بھارت نے میزائل کے جوٹکڑے دکھائے ہیں وہ ثابت نہیں کرتے کہ آیاایف سولہ طیارہ گرایا گیا ہے یا نہیں۔