اسلام آباد(بی این پی )وزارت داخلہ نے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھارتی ڈوزیئر میں شامل افراد سمیت کالعدم تنظیموں کے 44 رہنماؤں کو حراست میں لے لیا ہے۔اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور سیکرٹری داخلہ نے پریس کانفرنس کی، اس دوران سیکرٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کررہے ہیں، ہم نے 44 لوگوں کو حفاظتی تحویل میں لیا ہے، ان میں کچھ ایسے لوگ بھی
ہیں جن کا بھارتی ڈوزیئرمیں ذکر تھا، اس آپریشن میں تمام کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے۔پریس کانفرنس کے دوران شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کالعدم تنظیموں کے حوالے سے بات چیت ہوئی، مفتی عبدالرؤف اور حمزہ اظہر کے نام بھارتی ڈوزیئرمیں شامل ہیں تاہم پاکستان اپنی ذمہ داری کسی دباؤ کے تحت نہیں بلکہ اپنی ذمہ داری سمجھ کر ادا کر رہا ہے، یہ تاثر نہیں ہونا چاہیے کہ کسی ایک تنظیم کیخلاف آپریشن ہورہا ہے، ہم کسی دباؤ میں یہ نہیں کررہے۔