اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شاہی طیارہ نور خان ائیر بیس پر پہنچ گیا ہے ،دفاع پاکستان میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کے حامل پاک فضائیہ کے ایف 16 اور جے ایف 17تھنڈر طیاروں نے شاہی طیارے کو اپنے حصار میں لے لیا۔ ان طیاروں نے معزز مہمان کے طیارے کے دائیں اور بائیں جانب فار میشن میں پرواز کرتے ہوئے انہیں بحفاظت منزل مقصود تک پہنچایا ۔ذرائع کے مطابق پاکستان کے سرکاری دورے پر آنے والے برادرممالک کے سربراہان کو اس انداز میں خوش آمدید کہنا پاکستان اور پا ک فضائیہ کی درخشاں روایت رہی ہے۔
پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے ان اپنی کابینہ اراکین کے ہمراہ ان کا استقبال کیا، واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان ان کے استقبال کے لیے اپنی کابینہ اراکین کے ساتھ پہلے ہی ائیرپورٹ پہنچ گئے تھے، اس سے قبل سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر اپنے وفد کے ہمراہ یہاں پہنچے جن کا استقبال پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان کو 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی، ولی عہد محمد بن سلمان کو وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر دیا جائے گا۔ شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔