سری نگر(سی پی پی )پلوامہ حملے کابھارتی ڈرامہ بے نقاب ہونے لگا ہے، جہاں انکشاف ہوا ہے کہ حملے سے قبل ویڈیوپیغام ریکارڈ کرنیوالے عادل ڈار بھارتی فوج کی حراست میں تھا۔تفصیلات کے مطابق پلوامہ حملے میں پاکستان کو ملوث کرنے کی ایک اور بھارتی کوشش ناکام ہوئی ہے۔
جہاں پلوامہ میں مبینہ طورپر حملہ کرنیوالا شخص کے پہلے ہی بھارتی فوج کی قید میں رکھنے کا انکشاف ہوا ہے۔یہ انکشاف کسی پاکستانی چینل یا اخبار کے بجائے خود بھارتی میڈیا نے کیا تھا۔ بھارتی چینل زی ٹی وی، این ڈی ٹی وی،اخبار دی ہندو اور دیگر نے دس اورگیارہ ستمبر دوہزار سترہ کو ایک مقابلے کی خبردی تھی کہ ضلع شوپیاں میں ایک مبینہ مقابلہ ہوا،مقابلے میں مجاہد طارق بٹ ماراگیاجبکہ دوسرے شخص عادل ڈار نے خود کو بھارتی فوج کے حوالے کردیا تھا۔ دوسری جانب ماہرین نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ خود گرفتاری دینے والا شخص کس طرح بھارتی فوج کے قید سے چھوٹا،اور اتنے عرصے بعد ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج کو نشانہ کیسے بنایا۔میڈیارپورٹس سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارتی فوج اور خفیہ ایجنسی را نے تشدد کے ذریعے عادل ڈار سے ویڈیو ریکارڈ کرائی اور خود فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا تاکہ آئندہ عام انتخابات میں نریندر مودی کی جماعت بی جے پی جیت سکے۔ خالصتان تحریک کے سکھ اور کشمیری رہنمائوں نے پلوامہ حملے کو بھارتی فوج کی سازش قرار دیاہے،سکھ رہنمائوں کا کہنا ہے کہ نریندرمودی پاکستان کو ملوث قرار دے کرالیکشن جیتناچاہتاہے۔