اسلام آباد/لاہور(این این آئی ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کو سب جیل سے رہا کردیا گیا جس کے بعدوہ لاہورپہنچ گئے ،ائیر پورٹ پران کے استقبال کے لئے رہنمائوں اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
لاہور ہائیکورٹ نے جمعرات کے روزشہباز شریف کی آشیانہ ہائوسنگ سکیم اور رمضان شوگر مل کیس میں ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ مچلکے جمع ہونے کے بعد احتساب عدالت کی جانب سے روبکار جاری کی گئی جس کے بعد تمام قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو سب جیل قرار دیئے گئے منسٹر انکلیو سے رہا کر دیا گیا جس کے بعد وہ لاہور پہنچ گئے ہیں۔لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لئے موجود تھی جو اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔لاہور پہنچنے کے بعد شہباز انتہائی سخت سکیورٹی میں اپنی رہائشگاہ کی طرف روانہ ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف آج ہفتہ کے روز اپنے خاندان کے افراد اور پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں کریں گے۔واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس ملک شہزاد احمد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تھی اور شہباز شریف کو 2 کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔