اسلام آباد (سی پی پی )پاکستان اور سعودی عرب کے دوستانہ تعلقات نئے دور میں داخل ہونے لگے۔ عالمی میڈیا کی نظریں بھی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان پر جم گئیں۔ سعودی شہزادے کی آمد کو پاکستان کی معیشت کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
عالمی میڈیا میں ان دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے صدر کِم جونگ ان کی ملاقات سے زیادہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کا چرچا ہے۔ خلیجی خبر رساں ادارے گلف نیوز کے مطابق سرمایہ کاری سے پاکستانی معیشت کو فائدہ ہوگا۔خلیج ٹائمز نے بھی سرمایہ کاری کو سرخیوں میں جگہ دی۔ گلف نیوز نے مزید لکھا ہے کہ آئل ریفائنری میں سرمایہ کاری سے پاکستانی معیشت میں نیا خون دوڑنے لگے گا، جب کہ پاکستان کا پہلے دورہ کرنے پر بھارتی میڈیا نے عادت سے مجبور ہو کر شکوہ کر ڈالا۔ فائنانشل ٹائمز کے مطابق پاکستان کو سعودی عرب اور آئی ایم ایف سے فنڈنگ ملنے والی ہے۔ ڈھاکا ٹریبیون کے مطابق سعودی سرمایہ کاری سے پاکستان کی معاشی مشکلات کم ہوں گی۔این ڈ ی ٹی وی نے سرخی جمائی کہ شہزادہ محمد بن سلمان 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کریں گے۔ٹائمز نائو نے شہزادہ محمد بن سلمان کا سامان پہنچنے کی خبر دی تو ہندوستان ٹائمز نے شکوہ بھی کر ڈالا کہ سعودی ولی عہد بھارت سے پہلے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔