اسلام آباد (این این آئی) حج اخراجات میں اضافہ کیوں کرنا پڑ گیا؟ پہلی بار وزیراعظم عمران خان خود بول پڑے، اصل وجہ بتادی،وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں حج اخراجات میں 35 فیصد اضافہ ہو چکا ہے جس کی وجہ سے حج اخراجات میں اضافہ مجبوری ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے راولپنڈی ڈویژن کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے راولپنڈی میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے قیام کی منظوری دی۔ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نالہ لئی ایکسپریس وے اور ہسپتالوں کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کو فنڈز دینے کی یقین دہانی کرائی اورکہا کہ مقامی حکومتوں کے فعال ہونے کے بعد ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز نہیں ملیں گے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں حج سبسڈی پر بھی گفتگو کی گئی۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں حج اخراجات میں 35 فیصد اضافہ ہو چکا ہے جس کے باعث حج اخراجات میں اضافہ مجبوری ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ جانتا ہوں کہ حج کیلئے لوگ سارا سال پیسے جمع کرتے ہیں لیکن حکومت کو ہر روز قرضوں پر 6 ارب روپے سود ادا کرنا پڑتا ہے۔یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے اس سال سرکاری حج اسکیم میں سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد شمالی زون کے حج اخراجات 4 لاکھ 36 ہزار 975 روپے جب کہ جنوبی زون کے حج اخراجات 4 لاکھ 27 ہزار 975 روپے ہوں گے۔