دبئی (این این آئی) پاکستا ن اور آئی ایم ایف حکام نے دونوں طرف سے اصلاحات اور پالیسی ترجیحات میں مشترکہ تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی اور آئی ایم ایف حکام نئے پروگرام کیلئے بات چیت جاری رکھیں گے جبکہ آئی ایم ایف کی سربراہ ایم ڈی کرسٹین لیگارڈ نے معاشی استحکام کیلئے حکومت کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔
اتوار کو یہاں وزیراعظم عمران خان سے آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹین لیگارڈ نے ملاقات کی ۔ دبئی میں ہونے والی عالمی حکومتوں کے اجلاس کے موقع پر ہوئی،وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی پاکستان کیلئے سپورٹ کی تعریف کی۔ ملاقات میں انھوں نے قومی تعمیر کیلئے اپنی سوچ سے بھی آئی ایم ایف سربراہ کو آگاہ کیا۔وزیراعظم نے اسٹکچرل اور حکومتی اصلاحات اور سماجی شعبے کی بہتری کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ آئی ایم ایف کی سربراہ نے معاشی استحکام کیلئے حکومت کے اقدامات کی تعریف کی ۔انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔اجلاس میں دونوں طرف سے اصلاحات اور پالیسی ترجیحات میں مشترکہ تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستانی اور آئی ایم ایف حکام نئے پروگرام کیلئے بات چیت جاری رکھیں گے۔ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال اور بیل آؤٹ پیکج پر بات چیت کی گئی۔عالمی مالیاتی ادارے کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لوگارڈ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے اچھی اور تعمیری ملاقات ہوئی جس میں پاکستان میں حالیہ معاشی ترقی اور مستقبل کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔آئی ایم ایف کی ایم ڈی کے مطابق فیصلہ کن پالیسیوں اور معاشی اصلاحات کے مضبوط پیکج سے پاکستانی معیشت میں استحکام آئے گا۔