اسلام آباد (این این آئی) پٹرول، ڈیزل ، لائٹ ڈیزل اورمٹی کے تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی،حکومت نے عوام کو خوشخبری سنادی،نوٹیفکیشن جاری، وفاقی حکومت نے پٹرول4.86 پیسے، ڈیزل 4.26 پیسے ، مٹی کا تیل52 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2.16 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کردیاہے، نئی قیمتوں کا اطلاق (آج) رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔دوسری جانب شہریوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو توقع کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کی گئی ہے،
عالمی منڈی میں جس طرح تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں اتنا ہی ریلیف ہماری عوام کو بھی ملنا چاہئے، تاہم کچھ شہریوں نے حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سراہا ہے اور کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کی گئی کمی مہنگائی کی پسی عوام کیلئے بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگی اور شہریوں کو یقیناًاس کا فرق محسوس ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں4.86 پیسے ، ڈیزل کی قیمت میں 4.26 پیسے ، مٹی کے تیل کی قیمت میں 52پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2.16 پیسے فی لیٹر کمی کردی ہے۔ وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 4.86 پیسے کمی کے بعد اس کی نئی قیمت 90 روپے 97 پیسے فی لیٹرہوگئی جبکہ اس سے پہلے پٹرول کی قیمت 95.83 پیسے فی لیٹر تھی۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی 4.26پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 106.68 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، اس سے پہلے ڈیزل کی قیمت 110.94 پیسے فی لیٹر تھی۔ وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں صرف 52 پیسے کی معمولی کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 82.98 پیسے فی لیٹر ہوگی ، اس سے قبل مٹی کا تیل 83.50 پیسے فی لیٹر دستیاب تھا۔نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2.16 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد اس کی نئی قیمت 75.28 پیسے فی لیٹر ہوگی ۔پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری 2019ء ہوگیا ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو توقع کے برعکس قرار دیتے ہوئے محمد وقاص نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں تقریبا ساڑھے چار روپے کی کمی عوام سے زیادتی کے مترادف ہے ، عالمی منڈی میں جس طرح تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں اتنا ہی ریلیف ہماری عوام کو بھی ملنا چاہئے۔ محمد عظیم نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں صرف 4.86 پیسے کمی سے سے کیا فرق پڑے گا؟ ، روپے کی کوئی قدر ہی نہیں رہی ،مہنگائی اتنی بڑھ گئی ہے کہ غریب آدمی کے بس سے سب کچھ باہر ہے۔ایک شہری نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات
کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو کیا فائدہ ہوگا، ٹرانسپورٹرز تو کرائے کم کرتے نہیں جس سے عام آدمی کو ریلیف ملے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوچاہئے کہ ٹرانسپورٹرز سے کرائے کم کرائے تاکہ اس کا ریلیف صحیح معنوں میں عوام کو مل سکے۔ایک اور شہری نے کہا کہ پاکستانی معیشت پہلے ہی کافی مشکلات میں گھری ہوئی ہے،زیادہ شرح سود کا بڑھنا اوردیگر ایسے دوسرے عناصر ہیں جنہوں نے مل کر عام آدمی کی زندگی مشکل سے مشکل ترین کر دی ہے۔تاہم سمیع اللہ ساقی نے کہا کہ یہ معمولی کمی بھی مہنگائی کی پسی عوام کیلئے بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگی ، شہریوں کو یقیناًاس کا فرق محسوس ہوگا۔