اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اڈیالہ جیل میں ممکنہ وی آئی پی قیدیوں کی آمد کے باعث جیل حکام نے بی کلاس کے کمرے قیدیوں سے خالی کرالیے ۔روزنامہ جنگ نے اپنے باخبر ذرائع کے حوالہ سے بتایا ہے کہ جن قیدیوں سے بی کلاس کے کمرے خالی کرائے گئے ہیں ان کو باقاعدہ بی کلاس دی گئی تھی تاہم گزشتہ روز ان قیدیوں کو15 منٹ کے نوٹس پربی کلاس کے کمرے خالی کراکر ان کو بیرکوں میں بھیج دیا گیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل حکام نے یہ اقدام جیل میں ممکنہ طور پر وی آئی پی قیدیوں کی
متوقع آمد کے باعث کیا ہے۔ ذرائع کا کہناہے کہ آئندہ چند دنوں میں کچھ وی آئی پی قیدیوں کی آمد متوقع ہے۔ جن کو بی کلاس میں رکھا جائیگا، اس لیے بی کلاس کے تقریباً تمام کمرے قیدیوں سے خالی کرالئے گئے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں بی کلاس کے 12 کمرے ہیں جن میں سے 9 کمروں کو خالی کرایا گیا ہے۔ جبکہ بی کلاس کے تین کمروں میں اومنی گروپ کے انورمجیدکے صاحبزادے ، سمٹ بنک کے سابق صدر حسین لوائی اور طیبہ ٹارچر کیس میں سزایافتہ سابق ایڈیشنل سیشن جج راجہ خرم کو رکھا گیا ہے۔