لاہور(آئی این پی ) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری نے نجی جامعات کی قانونی حیثیت سے متعلق کیس میں وزیرقانون اور وزیرصحت کو طلب کرلیا،چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ ہم آج کام کرکے قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں،زرا عدالت میں پیش ہو کرنجی جامعات کی منظوری سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کریں،ہمیں تو حتمی رپورٹ درکار ہے۔
وزرا کو بلالیں، یہاں کام کریں، یوم قائد اعظم کی چھٹی نہ منائیں۔ منگل کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے نجی جامعات کی قانونی حیثیت سے متعلق کیس کی سماعت کی۔عدالت میں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ وزرا عدالت میں پیش ہو کرنجی جامعات کی منظوری سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کریں۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نجی جامعات کی قانونی حیثیت سے متعلق کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں، ان کمیٹیوں کا اجلاس 28 دسمبر کو ہوگا جس میں نجی جامعات کے معاملات زیرغور آئیں گے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ یہ کمیٹیاں سالہا سال کام کرتی رہیں گی، ہمیں تو حتمی رپورٹ درکار ہے، وزرا کو بلالیں، یہاں کام کریں، یوم قائد اعظم کی چھٹی نہ منائیں، بابائے قوم نے کہا تھا کہ کام، کام اور بس کام۔چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دیے کہ جنہوں نے اپنی زندگی پر کھیل کر یہ ملک بنایا، ہم ان کی یاد چھٹی کرکے مناتے ہیں، ہم 25 دسمبر تو منالیتے ہیں اور گھر بیٹھ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم آج کام کرکے قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں، نہرو سمیت دیگر سیاسی لیڈر میرے قائد کے قریب بھی نہیں۔بعدازاں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری نے نجی جامعات کی قانونی حیثیت سے متعلق کیس میں وزیرقانون اور وزیرصحت کو طلب کرلیا۔