اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)احتساب عدالت کی جانب سے نوازشریف کیخلاف نیب ریفرنسز کے فیصلے سنا دئیے گئے ہیں ۔اس پر مریم نوازکا بھی ردعمل سامنے آگیا ہے ۔سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ ’’ایک ہی شخص کو چوتھی بار سزا ، اندھے انتقام کی آخری ہچکی، مگر فتح نواز شریف کی، اللّہ کا شکر‘‘۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ’’اڑھائی سال کے طویل انتقام نما احتساب کے بعد، تین نسلیں کھنگالنے کے بعد، ایک پائی کی کرپشن نہ کِک بیک نہ کمیشن۔ نہ سرکاری خزانے میں رتی بھر خیانت۔ان کا کہنا تھا کہ ’’جتنے بھی فیصلے آئے، ان کے مرحوم والد کے ذاتی کاروبار کے حوالے سے آئے، اس میں بھی کچھ غلط نہ مل سکا تو مفروضوں پر سزائیں سنائی گئیں، آج کا فیصلہ نواز شریف کی امانت، صداقت اور دیانت پر ایک اور مہر ہے‘‘۔سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نےمزید کہاکہ ’’فیصلے انشاءاللہ ختم ہو جائیں گے، جو باقی رہ جائے گا وہ ہے نواز شریف کی سچائی اور مخالفوں پر ظلم کا بوجھ، جس کو وہ ڈھوتے رہیں گے‘‘۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’’کیونکہ حکومت،طاقت اور اختیارات ہوتے ہی ختم ہونے کے لیے ہیں، وقت بدلتے اور حالات الٹتے دیر نہیں لگتی، یاد رکھیں، ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ ’’نواز شریف کے خلاف الزامات میں رتی برابر بھی سچائی ہوتی، ثبوت ہوتے یا ایک بھی گواہی ہوتی تو دس ہزار درہم کو بہانہ نہ بنایا جاتا، خاندانی کاروبار اور جائز ذاتی لین دین کا سہارا نہ لینا پڑتا، یہی نواز شریف کی فتح ہے، نواز شریف کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن کا ہر ووٹر بھی آج سرخرو ہوا‘۔