اسلام آباد (این این آئی) ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد کے ریڈ زون علاقے میں تلاشی کے بغیر داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی ہے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ غیر متعلقہ شخص کے ریڈ زون میں داخل ہونے پر پابندی ہوگی، سادہ کپڑوں میں ملبوس کسی سرکاری اہلکار کے اسلحہ ساتھ رکھنے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔اس کے علاوہ آتشبازی کے سامان کی فروخت، استعمال اور ذخیرہ کرنے پر بھی پابندی عائد جبکہ بارودی مواد کے ذریعے پتھر توڑنے
پر دو ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اسلام آباد بھر میں نئی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے قیام اور تشہیر پر مکمل پابندی ہوگی، نئی ہاؤسنگ سوسائٹیز درخواستیں بھی جمع نہیں کر سکتیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ اذان اور خطبے کے علاوہ مساجد میں سپیکر کے استعمال پر بھی دفعہ 144 نافذ، پمفلٹ، ہینڈ بلز کی تقسیم اور دیواروں پر چسپاں کرنے پر بھی پابندی ہو گی، پمفلٹس اور ہینڈ بلز کی تقسیم پر 2 ماہ کے لیے دفعہ 144 لگائی گئی ہے۔