اسلام آباد(آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے آج وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آج جمعرات کو وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں 11:30 بجے طلب کر لیا ہے جس میں وزراء متعلقہ محکموں کے اہداف سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے اور ٹاسک فورسز بھی اب تک کی کارکردگی سے متعلق وزیر اعظم کو بریفنگ دیں گے ۔اجلاس میں آئی ایم ایف سے متعلق بھی کابینہ
کو اعتماد میں لیا جائے گااور وزارتوں کے 100 روزہ پلان پر کارکردگی رپورٹ کو حتمی شکل دینے کی ہدایات بھی شامل ہوں گی۔ اسکے علاوہ اجلاس میں وی آئی پی فلائٹس سے متعلق ایئریل ورک لائسنس کی توسیع کی منظوری اور کارکمپنی کی پابندی کے حامل آئٹمز کے بل کی منظوری سمیت نیشنل ہیلتھ سروسز ،روانڈا میں تعاون پروگرام کی منظوری بھی شامل ہے جبکہ نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کے نظر ثانی بجٹ کے علاوہ پاک افغان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں تعاون کا بھی اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا۔