اسلام آباد(این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی نجی تعلیمی ادارے کی تقریب میں شرکت کے دوران پارٹی ترانے بجائے جانے پر تنقید کے بعد ایوان صدر نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ صدر نے اس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔واضح رہے کہ حال ہی میں اسلام آباد میں پاک چائنا فرینڈ شپ سینٹر میں ایک نجی تعلیمی ادارے کی تقریب میں صدر عارف علوی نے شرکت کی تھی۔صدر مملکت جب تقریب میں پہنچے تو اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے نغمے بجائے گئے۔
جس کے بعد سوشل میڈیا پر تنقید کی گئی۔اس حوالے سے ترجمان ایوان صدر نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ایوانِ صدر کو جو پروگرام بھیجا گیا تھا ٗ اس میں ترانوں کا ذکر نہیں تھا۔ترجمان نے کہا کہ اگر میزبان پارٹی ترانے بجانا شروع کردیں تو اس میں ایوان صدر کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ترجمان کے مطابق صدر مملکت نے اپنے خطاب کے آغاز میں پارٹی ترانوں پر ناپسندیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اب ملک کے صدر ہیں اور ایسی چیزوں کی حوصلہ افزائی نہیں کرتے۔