اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )بھارتی ہائی کمشنر نے اہلیہ سمیت ہڑپہ جاتے ہوئے رینالہ خورد میں قیام کیا ۔اس موقع پر ایم پی اے جگنو محسن کی طرف سے ان کے اعزاز میں کھانے کا اہتمام کیا گیا۔روزنامہ جنگ کے مطابق پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا گزشتہ روز اپنی اہلیہ بھارتی چتر ویدھی کے ہمراہ ہڑپہ میں آثار قدیمہ دیکھنے جا رہے تھے ،وہ راستے میں رینالہ خورد (اوکاڑہ) رکے ،یہاں پر مچلز فروٹ فارم میں حلقہ پی پی184سے
آزاد رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن نے ان کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا جس میں سابق نگران وزیر اعلیٰ و سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے بھی شرکت کی۔جگنو محسن نے بتایا کہ بھارتی ہائی کمشنر کی اہلیہ ’’سموگ‘‘ پر بڑا کام کر رہی ہیں ،جگنو محسن کے بقول بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے بات چیت کے دوران کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لئے ویزا کے معاملات کو آسان بنانا ہو گا۔