لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسائل میں الجھے ہوئے پاکستان کی چین اور سعودی عرب نے مدد کرلی اور پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا،سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد کرانا حکومت کا کام ہے اور حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں پانچ شیلٹرز بنانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا تعلق اس علاقے سے ہے جہاں پر بجلی بھی نہیں ہے،عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنانے پر پارٹی میں بھی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا،لیکن عثمان بزدار کا نام وزیراعلیٰ کیلئے اس لئے منتخب کیا کیونکہ وہ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے بہتر امیدوار تھا اور وہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی کو جانچ سکتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایک بزرگ کو سڑک پر سوتے ہوئے دیکھا تو بہت رحم آیا،لوگوں کے دلوں میں رحم نہیں تو وہ انسان نہیں،ہمارا ملک علامہ اقبال نے ایک وژن کے تحت بنایا تاکہ پاکستان کو ایک بڑی فلاحی ریاست بنایا جاسکے اور آج ہمیں یہ موقع ملا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اب تک ہمارے اوپر قرضوں کا پہاڑ چڑھا ہوا تھا اور اس کو چکانے کیلئے چین اور سعودی عرب نے مدد کی اور شکر ہے کہ ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا،اب ہمارا سب سے پہلا قدم ملک کو فلاحی ریاست بنانا ہے،اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بات کی ہے کہ غریب بزرگوں کیلئے لاہور میں پانچ شیلٹرز بنائے جائیں گے،جس کیلئے جگہوں کا بھی انتخاب ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی چیزیں بنانے کیلئے وسائل نہیں بلکہ دل میں احساس ہونا چاہئے،ان پانچ شیلٹرز کے صفائی اور کھانے پینے کا نظام دیکھنے کیلئے بورڈ بھی تشکیل دیا جائے گا۔عمران خان نے کہا کہ آنے والے ہفتہ یا دس دنوں میں حکومت ایک ایسا غربت سے خاتمے کا پیکیج لارہی ہے،جس میں عوام کو غربت سے نکالا جائے گا.
اس حوالے سے ہم نے چین سے بھی کافی اقدامات سیکھے ہیں،جس طرح انہوں نے 70کروڑ لوگوں کو 30سال میں غربت سے نکالا۔وزیراعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد کرنا حکومت کا کام ہوتا ہے اور سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گی حکومت اس کے ساتھ کھڑی ہوگی،کیونکہ جس ملک میں قانون کی بالادستی نہ ہو وہ ریاست کبھی نہیں چل سکتی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ راولپنڈی میں شیلٹرز ہوم کیلئے جگہیں دیکھ لی ہیں،پشاور کے وزیراعلیٰ اور گورنر سے بھی شیلٹرز ہوم کیلئے بات چیت چل رہی ہے اور سندھ کے وزیراعلیٰ اور گورنر کو کہتا ہوں کہ وہ بھی شیلٹرز ہوم کیلئے جگہیں دیکھیں۔وزیراعظم نے کرپشن کے سوال کے جواب میں کہا کہ کل کرپشن کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کروں گا جس میں بڑے حیران کن انکشافات ہوں گے۔