اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) آسیہ بی بی کی رہائی کے بعد بیرون ملک روانگی کی خبریں غلط ہیں ،دفتر خارجہ نے تردید کردی ۔نجی ٹی وی کے مطابق دفتر خارجہ نے توہین رسالت کے کیس میں سزائے موت کے بعد رہائی پانے والی آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی کی تردید کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق ملتان وویمن جیل سے رہائی کے بعد آسیہ بی بی پاکستان میں ہی ہیں۔ان کی بیرون ملک روانگی کی خبریں درست نہیں ۔
واضح رہے بی بی سی نے دعویٰ کیا تھا کہ آسیہ بی بی بیرون ملک روانہ ہو گئی ہیں۔ بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک نے بتایا کہ ملتان جیل سے آسیہ بی بی کو راولپنڈی کے نور خان ایئر بیس لایا گیا جہاں وہ اپنے خاندان سمیت نیدرلینڈز کے لیے روانہ ہو گئی ہیں۔آسیہ بی بی اور ان کے خاندان کے علاوہ پاکستان میں نیدرلینڈز کے سفیر بھی جہاز میں سوارتھے۔ اس سے پہلے نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا تھا کہ آسیہ بی بی کو نور خان ائیربیس سے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔