اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر مجاہد کامران سمیت 4اساتذہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیدیا، نیب کو اساتذہ کوہتھکڑیاں لگانے کی جرأت کیسے ہوئی، عدالت کا اساتذہ کو ہتھکڑیاں لگانے پر شدید اظہار برہمی،نیب پراسیکیوٹر نے بھری عدالت میں معافی مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر مجاہد کامران سمیت 4اساتذہ کی درخواست ضمانت پرسماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جسٹس علی باقر نجفی کی
سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت عدالت نے اساتذہ کو ہتھکڑیاں لگانے پر نیب پر شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ نیب کو اساتذہ کو ہتھکڑیاں لگانے کی جرأت کیسے ہوئی؟عدالت نے چاروں اساتذہ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے 5، 5لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنیکا حکم دیدیا۔ اساتذہ کو ہتھکڑیاں لگانے پر نیب پراسیکیوٹر نے بھری عدالت میں معافی مانگ لی ۔