لاہور( این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف سے ملاقات کر کے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال ،حکومت کی کارکردگی ، شہباز شریف کی گرفتاری، اپوزیشن کی اے پی سی اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
، مولانا فضل الرحمن نے نواز شریف کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت اور حاضری یقینی بنانے کے حوالے سے درخواست کی ۔جاتی امراء رائے ونڈ میں ہونے والی ملاقات میں پرویز رشید ،حمزہ شہباز سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے حکومت کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے ۔ملاقات میں حکومت کی جانب سے سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی بھی شدید مذمت کی گئی ۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھاکہ موجودہ حالات میں اپوزیشن کو مضبوط اتحاد اورمشترکہ حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ حکومت کو اس کے غلط اقدامات سے روکا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے نواز شریف کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت اور حاضری یقینی بنانے کی درخواست کی ۔مولانا فضل الرحمن نے نواز شریف کو اے پی سی کے حوالے سے دیگر جماعتوں سے ہونے والے رابطوں بارے بھی آگاہ کیا ۔ اس موقع پر مجوزہ اے پی سی کی تاریخوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ دریں اثناء نجی ٹی وی کے مطابق نوازشریف نے اے پی سی میں شرکت سے معذرت کر لی جب کہ مسلم لیگ ن کے اعلیٰ سطحی وفد کو آل پارٹیز کانفرنس میں بھیجنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔