اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثو م نواز کی میت جمعے کو پاکستان لائے جانے کا امکان ، تدفین کا فیصلہ کلثوم نواز کے شوہر میاں نوازشریف کی رہائی اور ان سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔نجی ٹی وی کے مطابق کلثوم نواز کی تدفین جاتی امراء میں ان کے سسر میاں شریف کے پہلو میں کی جائے گی، ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف بیگم کلثوم نواز کی میت وطن واپس لانے کیلئے آج رات برطانیہ روانہ ہوں گے۔
دوسری جانب بیگم کلثوم نواز کے جنازے میں ان کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز شریک ہوں گے یا نہیں ، اس کا تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔واضح رہے حسن نوازاور حسین نواز کیخلاف احتساب عدالت میں پاناما کیسز سے متعلق ریفرنسز زیرسماعت ہیں۔ عدالت نے حسن اور حسین نواز کومختلف کیسز میں طلب کررکھا ہے ۔تاہم وہ نیب اور عدالت کے حکم کے باوجود پیش نہیں ہوتے رہے۔جس پرعدالت نے انہیں اشتہاری بھی قرار دے رکھا ہے۔