اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے ملک بھرمیں 56لاکھ گھر بنانے کے پروگرام کی خود نگرانی کا فیصلہ کرتے ہوئے کمیٹی کو آئندہ 2ہفتے میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کر دی، وزیراعظم نے کہا کہ 50لاکھ گھروں کی تعمیر پی ٹی آئی حکومت کا اہم ایجنڈا ہے۔پیر کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک بھر میں 50لاکھ گھر بنانے کے پروگرام پر اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری ہائوسنگ نے گھروں کی سالانہ طلب اور اس سے متعلق امور پر بریفنگ دی، سیکرٹری ہائوسنگ
نے اراضی کے حصول اور سرمایہ کاری سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ اجلاس میں گھروں کی تعمیر کیلئے نجی شعبے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 50لاکھ گھروں کی تعمیر پی ٹی آئی حکومت کا اہم ایجنڈا ہے، سرکاری عمارتوں اور املاک کی زمین کو بروئے کار لا کر خاطر خواہ وسائل اکٹھے کر سکتے ہیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم 50لاکھ گھر پروگرام کی خود نگرانی کریں گے۔