اسلام آباد (آن لائن) چیئر مین نیب اور انکے بیٹے سے متعلق بے بنیاد الزامات پر مبنی پروگرام نشر کرنے پرنیب نے اینکر پرسن ایس کے نیازی اور فری لانس صحافی اسد کھرل کے خلاف پیمرا کو درخواست دیدی ہے۔ نیب کی طرف سے دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ نجی ٹی وی کے پروگرام ’’سچی بات‘‘ میں چیئر مین نیب پر بہتان تراشی کی گئی اینکر پرسن سردار خان نیازی اور فری لانس صحافی نے جو الزامات لگائے انکی تصدیق کرنا بھی گوارا نہیں کیا۔
نیب ان تمام الزامات کو مسترد کرتا ہے اور پیمرا سے درخواست کی جاتی ہے کہ ایس کے نیازی اور اسد کھرل کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ واضح رہے کہ پروگرام ’’سچی بات‘‘ میں اینکر پرسن سردار خان نیازی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اسد کھرل نے الزام لگایا تھا کہ چیئر مین نیب کے بیٹے نے اپنی ذاتی ایڈورٹائزنگ کمپنی ’’سرکل‘‘ کے نام سے بنائی اور پھر اپنے والد چیئر مین نیب کا اثر رسوخ استعمال کرتے ہوئے اہم ترین ادارے اپنے کلائنٹ بنا لئے۔ اس وقت46مختلف ادارے اس ایڈورٹائزنگ کمپنی کے کلائنٹ ہیں۔ اسد کھرل نے دعویٰ کیا ہے کہ ان میں زیادہ تر ادارے ایسے تھے جنکے خلاف مقدمات نیب میں زیر تفتیش تھے اس لئے ان اداروں کو سرکل میں لا کر اربوں روپے کمایا گیا اور بہت جلد یہ سکینڈل سامنے آنے والا ہے۔ اسد کھرل کا کہنا تھا کہ قوم سب کچھ دیکھ رہی ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود چیئر مین نیب نہ تو شریف برادران کا نام ای سی ایل میں ڈال رہا ہے اور نہ ہی حدیبیہ پیپر مل کیس کھولا جا رہا ہے۔ چیئر مین نیب یہ بات بھول رہے ہیں کہ نیب کے کئی سابق اعلیٰ عہدیدار مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں لیکن چیئر مین نیب شریف برادران کے لئے درباری کا کردار ادا کر رہے ہیں سرعام نیب قوانین کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ نیب نے پیمرا کو دی گئی درخواست میں کہا ہے کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔