اسلام آباد (آن لائن) سابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی بے روزگار ہو گئے ۔ وزارت خارجہ سے ضروری سامان منتقل کر لیا ہے ۔ محمود خان اچکزئی سے افغانستان کے معاملے پر چادر کا تحفہ نہ لے سکے ۔ ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں وزیر خارجہ کا عہدہ خواجہ محمد آصف کو ملنے کے بعد سابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی بے روزگار ہو گئے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ میں سابق مشیر خارجہ کے لئے مختص دفتر سے ان کا تمام ذاتی سامان ان کی رہائش گاہ پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سابق مشیر خارجہ وزیر اعظم کی نااہلی کے بعد نئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں بطور مشیر خارجہ نہ وہ سکے اور خواجہ محمد آصف کو مستقل وزیر خارجہ مقرر کر دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل قائمہ کمیٹی کی میٹنگ میں پاک افغان تعلقات میں بہتری کے دعوے پر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے سابق مشیر خارجہ کو چیلنج کرتے ہ وئے کہا تھا کہ موجودہ پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری آئی تو میں اپنی چادر بطور تحفہ پیش کروں گا ۔ تاہم سابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز چادر کا تحفہ نہ جیت سکے ۔ ذرائع کے مطابق موجودہ صورت حال نے سابق مشیر خارجہ کو بے حد مایوس کیا ہے ۔