اسلام آباد(آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف ضمنی انتخاب کیلئے کسی امیدوار کو ٹکٹ نہیں دے سکتے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق، صرف پارٹی سربراہ ہی کسی امیدوار کو الیکشن لڑنے کیلئے اپنی جماعت کا ٹکٹ جاری کر سکتا ہے۔ جبکہ نواز شریف وزارت عظمیٰ کیلئے نااہل ہونے کے ساتھ ساتھ پارٹی کی سربراہی کرنے کے اختیار سے بھی محروم ہو چکے ہیں اگر ان کی جانب سے کسی امیدوار کو ٹکٹ جا ری کیا جا تا ہے تو اسے غیر قانو نی تصور کیا جائے گا
جبکہ سابق وزیر اعظم کی جانب سے پارٹی عہدہ نہ چھوڑنے پر امیدوار کو شیر کا انتخابی نشان نہ ملنے کا خدشہ ہے۔ ادھرالیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے شیڈول کے مطابق انتخابات کا حصہ بننے کے خواہشمند امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 10 سے 12 اگست تک جمع کراسکیں گے جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل 15 سے 17 اگست تک مکمل کرلیا جائے۔شیڈول میں بتایا گیا کہ امیدواروں کی حتمی فہرست 26 اگست کو جاری کی جائے گی جس کے بعد 17 ستمبر کو ضمنی الیکشن کا معرکہ ہوگا۔