اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے شریف خاندان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے لئے درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف ٗ حسن، حسین اور مریم نواز کے علاوہ کیپٹن (ر) صفدر اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے دائر درخواست 7 اگست کے لئے مقرر کردی۔
شہری کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ نے مذکورہ افراد کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کا حکم دیا تھا اس لئے ان کے ملک سے فرار کا خدشہ موجود ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ فریقین کے بینک اکاؤنٹس کو بھی منجمند کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔خیال رہے کہ یکم اگست کو خدائی خدمات گار تنظیم کی جانب سے بھی شریف خاندان کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کی گئی تھی۔