اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد وزیر اعظم ہاؤس میں جہاں اعلیٰ سطحی مشاورت کا عمل جاری ہے وہیں پر وزیر اعظم ہاؤس میں کام کرنیوالے 50سے زائد افسران و ملازمین کو وزیر اعظم ہاؤس آنے سے روک دیا گیا ۔روکے گئے افسران و ملازمین کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں کہ جب تک انہیں ان کی ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے طلب نہیں کیا جاتا وہ وزیر اعظم ہاؤس نہ آئیں ۔
ایک موقر روزنامے کی رپورٹ کے مطابق مشاورتی عمل کے حوالے سے کئے جانیوالے فیصلوں سمیت دیگر معلومات کے فاش ہونے کے خدشہ کے پیش نظر حکومتی پارٹی کے اراکین اسمبلی وسینٹرزسمیت دیگر اہم شخصیات کو بھی داخلے کی اجازت نہ مل سکی۔بعض اراکین اسمبلی وزیر اعظم ہاؤس کے داخلی دروازوں پر تعینات ملازمین کے ساتھ دن بھرالجھتے رہے تاہم داخلے کی اجازت نہ ملنے پر اراکین اسمبلی واپس چلے گئے ۔وزیر اعظم ہاؤس میں سکیورٹی پر تعینات ملازمین نے میڈیا کو بھی گیٹ کے باہر کوریج سے روک دیا۔