اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم نواز شریف نے فیصلہ کیا ہے کہ نہ استعفیٰ دیں گے اور نہ ہی اسمبلی توڑیں گے میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا غیر رسمی اجلاس ہوا‘ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنماء اور قانونی ماہرین شریک ہوئے‘ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعظم کسی صورت استعفیٰ نہیں دیں گے اور نہ ہی اسمبلیاں توڑیں گے۔
حکومت اپنی مدت پورے کرے گی اجلاس میں شریک شرکاء نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ مفروضوں اور تعصب پر مبنی ہے‘ مائنس نواز شریف فارمولہ کسی صورت قبول نہیں‘ سیاسی مخالفین کا ہر سطح پر بھرپور مقابلہ کیا جائے گا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خواجہ حارث اور دیگر قانونی ٹیم وزیراعظم اور ان کے خاندان کا دفاع کرے گی ۔ قانونی ٹیم جے آئی ٹی رپورٹ مسترد کرنے کا موقف 17 جولائی کو پیش کرے گی۔