اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن نے جے آئی ٹی کے خلاف اپنے تحفظات اور خدشات پر عدالت عظمیٰ سے رجوع کا فیصلہ کرلیا ، عدالت کو یہ بتایا جائے گا جے آئی ٹی رپورٹ مخصوص ذہن بروئے کار لا کر بنائی گئی ۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن نے جے آئی ٹی کے خلاف اپنے تحفظات اور خدشات پر عدالت عظمیٰ سے رجوع کا فیصلہ کیا ہے ۔اس کیلئے قانونی ماہرین کو پٹیشن کی تیاری کیلئے کہا ہے ۔ یہ بات وزیر اعظم نواز شریف کی مشاورت میں شامل ایک اہم وفاقی وزیر نےبتائی ۔
وزیر اعظم نواز شریف کی موجودگی میں ہونے والی مشاورت میں کہا گیا کہ حکومت کو پہلے روز سے ہی جے آئی ٹی کی جانبدارانہ تشکیل ، اس میں حساس اداروں کی شمولیت اور نگرانی پر قانونی اعتراضات اٹھانے چاہئے تھے ۔پاناما لیکس کے فیصلے کے حوالے سے گاڈ فادر کے لفظ اور سسلین مافیا کے ریمارکس پر بھی آئینی اعتراضات اٹھانے چاہئے تھے ۔ رپورٹ کے مطابق مشاورتی اجلاس میں بتایا گیا کہ ریمارکس پر وزیراعظم ہاؤس سے ایک مکتوب چیف جسٹس کو بھجوایا گیا تھا۔