لاہور( این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ سیاسی حالات سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر گہری نظر ہے، حکمران جماعت پانامہ جے آئی ٹی کے معاملے پر ہر روز نیا پتہ پھینک رہی ہے لیکن ہر چال اور تدبیر ان کے اپنے گلے پڑ رہی ہے ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء ایک منصوبے کے تحت آنکھوں پر پٹی باندھ کر جے آئی ٹی کیخلاف بیانات داغ رہے ہیں جس سے ان کا اصل چہر ہ قوم کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دن ہی کہہ چکا ہوں کہ پانامہ لیکس حکمرانوں کے گلے کا طوق بن چکا ہے اور یہ کسی صورت بھی اس سے پیچھا
نہیں چھڑا سکتے ۔اعتزاز احسن نے کہا کہ وفاقی وزراء نے ریاست کا حلف اٹھایا ہے لیکن بد قسمتی سے سار ے وزراء اپنی قیادت کی کرپشن بچانے میں لگے ہوئے ہیں ۔ دوسروں پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات لگاکر پگڑیاںں اچھالنے والے اربوں کی کرپشن پر آج خود پکڑ میںآ چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران خاندان اور وزراء ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ایسی فضاء کو فروغ دے رہے ہیں جس سے افرا تفری کا گماں ہوں لیکن عوام ان کی کسی چال کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی حالات سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر گہری نظر ہے ،پیپلز پارٹی جمہوریت ، آئین او رقانون کے ساتھ ہے ۔