اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا افضل نے واضح کیا ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے کی انکوائری کے سلسلے میں ان کی جماعت مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے ہر پیشی کا سامنا کرے گی۔نجی ٹی وی کے پروگرام ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا افضل نے کہا ‘ہم بھاگنے والوں میں سے نہیں اور جب بھی جے آئی ٹی طلب کرے گی ہم ضرور جائیں گے۔انھوں نے کہا اگرچہ وزیراعظم کے بڑے صاحبزادے حسین نواز کی اب تک 6 پیشیاں ہوچکی ہیں،
لیکن پھر بھی مزید تفتیش کی ضرورت ہوئی تو وہ ہر صورت پیش ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے آج تک جس نے بھی آئین توڑ کر بغاوت کی اُس سے تو عدالتیں اپنی جان چھڑواتی ہیں اور نہ ہی انہیں کوئی سزا دی جاتی ہے، مگر وہ شخص جسے خود اس ملک کے عوام نے اپنے ووٹوں سے منتخب کیا ہو اس کے لیے سزا جائز سمجھی جاتی ہے۔لیگی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے پہلے بھی مشکل وقت دیکھا ہے اور ان مشکلات کے باوجود بھی وہ آج ملک کے وزیراعظم ہیں، لہذا ہمیں پوری امید ہے کہ اگر اب بھی کوئی سازش ہورہی ہے تو ہم اسے بھی ناکام بنائیں گے۔