اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مریم نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی، سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات، پولیس اور ایف سی کے 2ہزار اہلکار تعینات، جوڈیشل اکیڈمی کو جانے والی تمام شاہرات کو خاردار تار لگا کر بند کر دیا گیا۔کارکنوں کی بڑی تعداد اور رہنمائوں کی بڑی تعداد جوڈیشل اکیڈمی پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بننے والی
جے آئی ٹی میں شریف خاندان کی اہم خاتون رکن اور وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز پیش ہونے جا رہی ہیں، انہیں جے آئی ٹی نے آج 5جولائی کو تحقیقات کیلئے پیش ہونے کیلئے سمن جاری کئے تھے۔ مریم نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس اور ایف سی کے 2ہزار اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ پنجاب کے مختلف شہروں، ہزارہ ڈویژن اور آزادکشمیر سمیت ملک کے دیگر علاقوں سے ن لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد مریم نواز کی جے آئی ٹی پیشی کے موقع پر جوڈیشل اکیڈمی کیلئے روانہ ہو چکی ہے جب کہ خواتین سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد اس وقت جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف پہنچ چکی ہے اور شریف خاندان اور میاں محمد نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی جا رہی ہے۔ کسی بھی متوقع ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے اسلام آباد انتظامیہ نے جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف شاہرات کو خاردار تار لگا کر مکمل طور پر بند کر دیا ہے جو کہ مریم نواز کی پیشی کے بعد تک بند رہیں گی ۔