اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف نے وزیرخزانہ اسحٰق ڈار سے ان کے بھارتیوں سے کاروباری مراسم کی تفصیلات منظرعام پر لانے کا مطالبہ کردیا اور استفسار کیا کہ کیا وجہ ہے کہ دبئی میں آپ کے تمام کاروباری شراکت دار صرف اور صرف بھارتی ہیں۔بطور پاکستانی وزیر خزانہ آپ کے ان بھارتیوں سے مراسم کی نوعیت کیا ہے منگل کو جاری بیان کے مطابق پارٹی رہنما علی زیدی نے وزیر خزانہ اسحق ڈار سے
سوال کیا کہ کیا وجہ ہے کہ دبئی میں آپ کے تمام کاروباری شراکت دار صرف اور صرف بھارتی ہیں۔بطور پاکستانی وزیر خزانہ آپ کے ان بھارتیوں سے مراسم کی نوعیت کیا ہے؟ علی زیدی نے مزید کہا کہ بھارتی آرکیٹیکٹ دیپک اروڑا ہی ایمرٹس ہلز میں اسحق دار کا نیا محل کیوں تعمیر کر رہا ہے؟ علی زیدی نے پوچھا کہ کیا مشہور زمانہ فراڈ اور بھارتی اشتہاری مدھو بھنڈاری آپ کا کاروباری شراکت دار نہ تھا۔بھارتی خاتون ککو اور بوندی لاہوری کون ہیں اور آپ کے ان سے کیا مراسم ہیں۔ علی زیدی نے کہا کہ پاکستان کے شہری آپ کے بھارتیوں سے لین دین کی تمام تفصیلات جاننے کا حق رکھتے ہیں۔ علی زیدی نے اسحق ڈار کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈار صاحب! عمران خان ہر لحاظ سے آپ سے بہتر اور بدرجہا بہتر ہے۔عمران خان نے اپنی ملکیت میں موجود ادنیٰ سے ادنیٰ اور بڑی سے بڑی ہر چیز ظاہر کی جبکہ آپ نے اپنے تمام اثاثوں کا عشر عشیر بھی ظاہر نہیں کیا۔علی زیدی کا کہنا تھا کہ ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہوتے ہوئے آپ نے دولت جمع کے انبار کیسے لگائے۔پاکستان میں کتنے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس ہیں جن کی اولادوں نے دبئی میں اربوں کی جائیدادیں خرید رکھی ہیں۔