پنوں عاقل / راولپنڈی(این این آئی )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فوج بے غرض لگن اور عزم کے ذریعے پاکستان اور اسکے عوام کی خوشحالی کیلئے تمام ریاستی اداروں سے تعاون جاری رکھے گی،پاکستان نے دہشتگردی اور عسکریت پسندی کیخلاف کامیابی کیلئے طویل سفر کیا ہے۔
ہمیں اب اپنی کامیابیوں کو مستحکم کرنا ہے تاکہ تمام منفی محرکات کو ختم کر کے ریاست کو مستحکم کیا جا سکے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگل کو پنوں عاقل گیرژن کا دورہ کیا ۔ آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں اور داخلی سیکیورٹی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ نے انکی تیاریوں کی حالت اور داخلی سلامتی کیلئے انکے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے حال ہی مکمل ہونیوالی چھٹی خانہ و مردم شماری میں انکی کارکردگی اور دیگر داخلی سیکیورٹی ذمہ داریوں کے حوالے سے انکے کردار کو سراہا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ فوج بے غرض لگن اور عزم کے ذریعے پاکستان اور اسکے عوام کی خوشحالی کیلئے تمام ریاستی اداروں سے تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک پہلے آتا ہے اور ہم خود بعد میں ۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی اور عسکریت پسندی کیخلاف کامیابی کیلئے طویل سفر کیا ہے۔ ہمیں اب اپنی کامیابیوں کو مستحکم کرنا ہے تاکہ تمام منفی محرکات کو ختم کر کے ریاست کو مستحکم کیا جا سکے ۔ قبل ازیں پنوں عاقل پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال کمانڈر کراچی کور لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا اور جی او سی پنوں عاقل نے کیا ۔