اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف صحافی صابر شاکر نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں کہا ہے کہ (ن) لیگ والے کہتے ہیں کہ اکثریت کا فیصلہ اب بھی نہیں مانا گیا، یہ لوگ علیحدگی کی دھمکی دے رہے ہیں، کیا یہ صوبائیت کی بنیاد پر ملک کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، صابر شاکر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور زرداری سے لاکھ اختلاف سہی، یہ لوگ ان سے اچھے تھے، بے نظیر کی لاش بھی گر گئی، شہید بھی ہو گئیں لیکن انہوں نے بی بی
کی لاش گرنے کے بعد بھی پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا اس کے علاوہ کبھی اکثریت اور اقلیت کی بات نہیں کی ،کبھی کوشش نہیں کی کہ پاکستان کو صوبائی اعتبار سے تقسیم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھٹو خاندان نے کبھی سندھو دیش کا نعرہ نہیں لگایا، شیخ مجیب جو 1960ء، 1970ء اور1971ء میں جو دھمکیاں دے رہا تھا آج وہی خواجہ سعد رفیق نے بات کی ہے کہ اکثریت کا فیصلہ نہیں مانا جا رہا، اقلیت کے فیصلوں کو مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔