اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)جے آئی ٹی کے دو اراکین قطر کے دارالحکومت دوحہ میں قطری شہزادے کا بیان لے رہے ہیں۔ قطری شہزادے کا بیان لینے والے جے آئی ٹی اراکین میں ایم آئی کے بریگیڈئیر کامران خورشید اور عرفان منگی شامل ہیں۔
قطری شہزادے سے پوچھے جانے والےسوالات میں جے آئی ٹی اراکین نے سوالات تیار کر لئے تھے اور یہ اراکین رات گئے میڈیا کو اطلاع ہوئے بغیر قطر روانہ ہوئے۔ قطری شہزادے کا بیان ریکارڈ کرنے کیلئے جے آئی ٹی اراکین کے ساتھ پاکستانی سفارتخانے کا ایک اہلکار بھی موجود ہے۔ جے آئی ٹی ارکان قطری شہزادے کیلئے جو سوالنامہ پاکستان سے تیار کر کے لے گئے ہیں ان سوالات میں قطری شہزادے سے پوچھا جائے گا کہ وزیراعظم نواز شریف کے والد میاں شریف مرحوم نے کن شرائط پر قطر میں سرمایہ کاری کی،اور اس سرمایہ کاری سے کتنا منافع ہوا، لندن فلیٹس میاں شریف کے ساتھ کس سیٹلمنٹ کے تحت ٹرانسفر کئے گئے ، شریف فیملی ان فلیـٹس میں کب سے مقیم ہے ، اور آیا اگر سیٹلمنٹ سے پہلے سے شریف خاندان کا قیام ان فلیٹس میں ہے تو انہوں نے اس کا کرایہ ادا کیا ہے کہ نہیں، حسین نواز کے نام لندن فلیٹس کب ٹرانسفر ہوئے، میاں شریف اور حماد بن جاسم الثانی کے والد کے درمیان سیٹلمنٹ کی کیا تفصیلات ہیں۔