اسلام آباد(آئی این پی )پانامہ کیس کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی میں وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز کی پیشی کے موقع پر وزیرمملکت طارق فضل چوہدری اور وزیراعظم آفس کے سیکیورٹی اہلکاروں کو روکنے پر ایس ایچ او گولڑہ کو معطل کردیا گیا ۔ ایس ایچ او گولڑہ جوڈیشل اکیڈمی کے باہر سپیشل ڈیوٹی پر مامور تھے ۔
پولیس نے وفاقی وزیر زاہد حامد، وزیر مملکت انوشہ رحمان اور بیرسٹر ظفر اللہ کو بھی جوڈیشل اکیڈمی کے مرکزی گیٹ کی طرف جانے سے روک دیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او گولڑہ محمد عباس جو جوڈیشل اکیڈمی کے بارہ سپیشل ڈیوٹی پر مامور تھے ان کی قیادت میں پولیس نے وزیرمملکت طارق فضل چوہدری اور وزیراعظم آفس کے سیکیورٹی عملے کو جوڈیشل اکیڈمی کے مرکزی گیٹ کی طرف جانے سے روکا جس پر سیکیورٹی اہلکار اور لیگی کارکنان میں دھکم پیل اور تلخ کلامی بھی ہوئی ۔ ایس ایس پی آپریشنز ساجد کیانی نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او گولڑہ محمد عباس کی فوری معطلی کا حکم دیا۔ دوسری جانب جب سینیٹر اسحاق ڈار جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد جوڈیشل اکیڈمی سے واپس آئے تو وفاقی وزیر زاہد حامد ، وزیر مملکت انوشہ رحمان اور وزیراعظم آفس کے مشیر بیرسٹر ظفر اللہ انہیں لینے کیلئے پہنچے تاہم پولیس نے ان کو جوڈیشل اکیڈمی کے مرکزی گیٹ تک جانے سے روک دیا ۔