اسلام آباد(مانیـٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف سپریم کورٹ کے حکم پر بنائی جانے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے پیش ہونے کے لیے جوڈیشل اکیڈمی پہنچ گئے۔اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ جوڈیشل اکیڈمی میں
پیشی سے قبل وزیراعظم نواز شریف سے اسحٰق ڈار، خواجہ آصف، پرویز رشید سمیت دیگر وزراء اور پارٹی رہنماؤں نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔وزیراعظم نواز شریف سے قبل جے آئی ٹی ان کے دونوں صاحبزادوں حسین نواز اور حسن نواز سے شریف خاندان کے اثاثوں سے متعلق تحقیقات کرچکی ہے۔ وزیراعظم کے جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کے لیے بلٹ پروف ڈائس کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ملحقہ سڑکوں پر مختلف بینرز اور پوسٹرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں جن میں نواز شریف کو خوش آمدید کہا گیا ہے۔ لیگی کارکنوں کو پارٹی ہائی کمان کی جانب سے جوڈیشل اکیڈمی جانے سے روکے جانے کے باوجود لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نے جوڈیشل اکیڈمی پہنچنے کی کوشش کی ہے لیکن پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے لیگی کارکنوں کو جوڈیشل اکیڈمی کے قریب جانے سے روک دیا ہے۔