اسلام آباد(آئی این پی)جعلی برٹش پاسپورٹ پر برطانیہ جانے کی کوشش کرنے والی تین افغان خواتین کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان کی معاونت کرنے والے پی آئی اے کے ایک اور ایف آئی اے کے دو ملازمین کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے ، امیگریشن حکام کے مطابق افغان خواتین پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے برطانیہ جانے کے لئے اسلام آباد ائر پورٹ پر پہنچی تو امیگریشن کے دوران راحیلہ،ایگزارا،نبیلہ کے پاسپورٹ کو مشکوک سمجھ کر جن ان
کو روکا گیا تو دوران تلاشی ان خواتین سے اصلی افغان پاسپورٹ بھی برآمد کرلئے گئے. افغان خواتین کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا جبکہ ان کی معاونت کرنے والے پی آئی اے اور ایف آئی اے ملازمین کو بھی افغان خواتین سمیت گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ہونے والوں میں پی آئی اے ملازم اسرار احمد اور دو ایف آئی اے اہلکار شامل ہیں، تمام گرفتار خواتین اور مردوں کو ایف آئی اے پاسپورٹ سیل منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کے گئے ہیں ۔