لندن (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات کو مضحکہ خیز انداز میں پیش کردیا ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’انسٹا گرام ‘‘پر ڈونلڈ ٹرمپ اور شاہ سلمان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے جمائما خان نے سعودی فرمانروا کو فلم قرار دے دیا
اور کہا کہ سچا بیرن کوہان کی نئی فلم دیکھ کر میں بہت زیادہ پر جوش ہوں ۔جمائما خان کی یہ پوسٹ موضوع بحث بن گئی اور لوگوں نے اپنے خیالات کا بھی اظہار کیا ہے ۔واضح رہے کہ سچا بیرن کوہان ہالی ووڈ کے مشہور اداکار ہیں جنہو ں نے 2012میں مشہور زمانہ فلم دی ڈکٹیٹرمیں کام کیا تھا ۔اس فلم میں سچا بیرن کوہان نے تیل سے مالامال ایک شمالی افریقن ملک وادیا کے ڈکٹیٹر جنرل الہ دین کا کردار ادا کیا تھا جسے بیک وقت انتہائی سنگدل اور احمق حکمران کے طور پر دکھا یا گیا تھا ۔جمائمہ خان کے تبصرے پر دنیا بھر سے شدیدردعمل سامنے آرہا ہے اور بعض افراد نے اسے شاہ سلمان کی توہین قراردیتے ہوئے جمائمہ خان سے معافی مانگنے اور اپنی پوسٹ فوراً ڈیلیٹ کرنے کامطالبہ کردیا ہے ۔