اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے مبینہ کرپشن کے الزامات پر ڈی جی سپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا کو عہدے سے ہٹانے جانے پر اعتماد میں نہ لینے پر اپنا استعفیٰ وزیراعظم میاں نواز شریف کو بھجوا دیا۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے اس موقع پر میڈیا سے مختصر گفتگو اور عملے سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بار بار میری وزارت میں مداخلت کی جاتی رہی ہے میں اب اپنا
استعفیٰ واپس نہیں لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری سے بہت بے عزتی کروا چکا ہوں خاندانی آدمی ہوں کبھی کسی سے کچھ نہیں مانگا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کی نظریں سپورٹس بورڈ پر لگی ہوئی ہیں اور بار بار میرے کام میں مداخلت کی جاتی ہے۔نجی ٹی وی چینل (جیو) کی رپورٹ کے مطابق ریاض پیر زادہ نےاپنی ہی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ خود تو اربوں روپے کی کرپشن کر رہے ہیں اور مجھے کام بھی نہیں کرنے دے رہے۔